نئی دہلی،11/جنوری (آئی این ایس انڈیا) آج کسان تحریک کا 47 واں دن ہے۔ کسانوں نے اتوار کے روز ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر کو ریلی کی اجازت نہیں دی۔
بھارتیہ کسان یونین کے سربراہ گورم سنگھ چدھونی نے کہاکہ ہم نے کھٹر صاحب کو ریلی کرنے سے روکا۔ بی جے پی نے کہا تھا کہ کسانوں کی تحریک کو توڑنے کے لئے 700 ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ ہم اس طرح کی ریلیوں کی مخالفت جاری رکھیں گے۔
اتوار کے روز کھٹر ضلع کرنال کے کملا گاؤں میں ایک مہاپنچایت کرنے والے تھے۔ وزیراعلیٰ کے پہنچنے سے پہلے، زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پہنچ گئے اور سیاہ پرچم لہراتے ہوئے نعرے بازی شروع کردی۔ اس نے اسٹیج کو بھی توڑ دیا۔
کسانوں کی تنظیمیں عدالت کو نئے قوانین سے ہونے والے نقصان کے بارے میں بتائیں گی۔ وہ یہ بھی بتائیں گے کہ کس طرح انہیں احتجاج کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔